ٹیکساس میں پاکستانی فٹبال کی شاندار پذیرائی، امریکی میئرز بھی تقریب میں شریک

(ویب ڈیسک):امریکی ریاست ٹیکساس میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والی پاکستانی ساختہ فٹبال کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ تقریب میں مختلف امریکی شہروں کے میئرز، پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
امریکن پاکستانی پبلک افیئر کمیٹی کے زیر اہتمام ارونگ، ڈیلاس میں ہونے والی اس تقریب کا مقصد پاکستانی کمیونٹی کی خدمات، کاروباری سرگرمیوں اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط کو اجاگر کرنا تھا۔
تقریب کے دوران پاکستانی مصنوعات بالخصوص فٹبال کی عالمی سطح پر پذیرائی کو پاکستان کی کھیلوں کی صنعت کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا گیا۔ میڈ اِن پاکستان کے برانڈ ایمبیسیڈر اور جسٹس انٹرنیشنل امریکا کے سفیر فیصل ندیم نے کہا کہ عالمی سطح کے فٹبال ٹورنامنٹ میں پاکستانی ساختہ فٹبال کا استعمال ملک کی صنعتی صلاحیت اور معیار کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکساس کے ڈیلاس اور آرلنگٹن میں واقع اسٹیڈیمز کو فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کا موقع ملنے کے باعث پاکستانی فٹبال کی یہاں پذیرائی خاص اہمیت رکھتی ہے۔
تقریب میں آرلنگٹن کے میئر جم راس، فریسکو کے میئر مارک ہل، کیرولٹن کے میئر اسٹیو بابیک، رچرڈسن کے میئر عامر عمر اور ریاستی نمائندے ٹیری میزا کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔
فیصل ندیم کے مطابق امریکا میں پاکستانی مصنوعات کا کاروبار مختلف شعبوں میں مسلسل آگے بڑھ رہا ہے اور پاکستانی نژاد کاروباری افراد امریکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی کامیاب کاروباری اور سماجی سرگرمیاں پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔
