روس میں آئل ریفائنری پر ڈرون حملہ، آگ لگنے سے 5 افراد زخمی

(ویب ڈیسک):روس کے جنوبی علاقے کراسنودار میں واقع اِلسکی آئل ریفائنری میں ڈرون کا ملبہ گرنے کے باعث آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
روسی حکام کے مطابق ڈرون کا ملبہ ریفائنری کے احاطے میں گرنے کے بعد آگ لگی، جس پر قابو پانے کے لیے امدادی ٹیموں نے کارروائی کی۔
یوکرین گزشتہ کئی ماہ سے روس کے اندر تیل اور توانائی کی تنصیبات کو مقامی سطح پر تیار کیے گئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے مسلسل نشانہ بنا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ان حملوں کے باعث روس میں بعض مقامات پر ایندھن کی سپلائی متاثر ہوئی ہے اور ملک کو پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑا، جس سے روسی حکومت پر توانائی کے شعبے میں دباؤ بڑھ گیا ہے۔
روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے دوران تیل کی ریفائنریاں اور دیگر توانائی کی تنصیبات اہم اہداف بن چکی ہیں، کیونکہ ان پر حملوں کا براہِ راست اثر ایندھن کی پیداوار، ذخیرہ اور ترسیل پر پڑتا ہے۔
