کاتانیا میں ماؤنٹ ایتنا کا شدید آتش فشانی سرگرمی، ایئرپورٹ پروازوں کے لیے بند

(ویب ڈیسک):اٹلی کے جزیرے سسلی میں واقع یورپ کے سب سے فعال آتش فشاں ماؤنٹ ایتنا میں مسلسل آتش فشانی سرگرمی کے باعث کاتانیا شہر میں فضائی سفر شدید متاثر ہوا ہے۔
ماؤنٹ ایتنا سے نکلنے والی آتش فشانی راکھ فضا میں پھیلنے کے باعث کاتانیا ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق راکھ کے بادل طیاروں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، اسی وجہ سے پروازوں کی آمد و روانگی روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ایتنا میں موجودہ سرگرمی 6 اگست 2026 سے جاری ہے اور یہ غیر معمولی طور پر طویل آتش فشانی سرگرمی بن چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسی طویل سرگرمی آخری مرتبہ 1970 کی دہائی میں دیکھی گئی تھی۔
آتش فشاں سے لاوا اور راکھ کا اخراج جاری ہے، جبکہ راکھ کے بادل نے سسلی میں فضائی سفر کے لیے بڑے مسائل پیدا کیے ہیں۔ 6 سے 12 اگست کے دوران تقریباً 2 ہزار شیڈول پروازوں میں سے ایک تہائی سے زیادہ منسوخ جبکہ سینکڑوں پروازوں کو دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب منتقل کیا گیا۔
کاتانیا ایئرپورٹ کی بندش سے ہزاروں مسافر متاثر ہوئے ہیں اور سسلی کے دیگر ہوائی اڈوں پر بھی مسافروں کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ جانے سے قبل اپنی ایئرلائن سے پرواز کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔
ماہرین کے مطابق موجودہ صورتحال میں بنیادی خطرہ لاوا کے بجائے آتش فشانی راکھ ہے، کیونکہ راکھ طیاروں کے انجن اور دیگر اہم نظاموں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
