کرسٹیانو رونالڈو کا ریٹائرمنٹ کا عندیہ، اگلا سال کیریئر کا آخری ہو سکتا ہے

(ویب ڈیسک):پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بڑا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر آنے والا سال ان کے شاندار فٹبال کیریئر کا آخری سال ہوگا۔
41 سالہ رونالڈو فٹبال کی دنیا کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ، ریال میڈرڈ، یووینٹس اور موجودہ کلب النصر کے لیے کھیلتے ہوئے کئی اہم اعزازات اپنے نام کیے ہیں۔
پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے رونالڈو اس سال پرتگال کو ورلڈ کپ کا ٹائٹل دلانے میں بھی کامیاب نہ ہوسکے۔ پرتگال کے عالمی کپ سے باہر ہونے کے بعد ورلڈ کپ کی ٹرافی اب بھی ان کے شاندار اعزازات کی فہرست میں شامل نہیں ہو سکی۔
ایک انٹرویو میں رونالڈو نے کہا کہ ’’یہ ممکنہ طور پر میرا فٹبال کا آخری سال ہے اور میں ایک شاندار ورثہ چھوڑنا چاہتا ہوں۔‘‘
رونالڈو نے 2002 میں اسپورٹنگ کے ساتھ سینئر فٹبال کا آغاز کیا تھا اور دو دہائیوں سے زائد پر محیط کیریئر میں کلب اور ملک کے لیے مجموعی طور پر 976 گول اسکور کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد زندگی میں مصروف رہنے کے لیے کئی چیزیں موجود ہیں، جن میں زیادہ سفر کرنا، پیڈل کھیلنا اور اپنی زندگی سے لطف اندوز ہونا شامل ہے۔ رونالڈو کے مطابق فٹبال میں 25 سال گزارنے کے دوران انہیں بہت سی قربانیاں دینا پڑی ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو اس سیزن میں سعودی پرو لیگ کے کلب النصر کی جانب سے کھیل جاری رکھیں گے اور ان کی نظریں اپنے کیریئر کے 1,000 گولز مکمل کرنے کے تاریخی سنگ میل پر بھی مرکوز ہیں۔
