بنگلہ دیش 17 برس بعد انگلینڈ میں ٹیسٹ کھیلے گا، لارڈز میں واحد میچ کا اعلان

ویب ڈیسک
لندن: انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم مئی 2027 میں تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر بنگلہ دیش کے خلاف ایک واحد ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
ای سی بی کے مطابق یہ میچ 28 مئی 2027 سے شروع ہوگا اور 2010 کے بعد یہ بنگلہ دیش کا انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ دورہ ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ واحد ٹیسٹ لارڈز میں کھیلا جائے گا۔
ای سی بی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ بنگلہ دیش ویمنز ٹیم بھی انگلینڈ کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رچرڈ گولڈ نے کہا کہ "ہم بنگلہ دیش مینز ٹیم کو لارڈز میں واحد ٹیسٹ میچ کے لیے خوش آمدید کہنے پر پُرجوش ہیں۔ 2010 کے بعد پہلی بار ہم اپنے ہوم گراؤنڈ پر بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ کھیلیں گے، جبکہ بنگلہ دیش ویمنز ٹیم بھی وائٹ بال سیریز کے لیے انگلینڈ آئے گی۔"
بنگلہ دیش نے 2010 کے دورۂ انگلینڈ میں دونوں ٹیسٹ میچز میں شکست کا سامنا کیا تھا، تاہم اس سیریز میں انفرادی طور پر چند یادگار کارکردگیاں بھی سامنے آئی تھیں۔
موجودہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر تمیم اقبال نے لارڈز میں شاندار سنچری اسکور کر کے تاریخی لارڈز آنرز بورڈ میں جگہ بنائی تھی، جبکہ فاسٹ بولر شہادت حسین نے ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کر کے اسی اعزاز کو اپنے نام کیا تھا۔
حوالہ: بی ایس ایس
ویب ڈیسک
