سعودی عرب کا نیا اقدام، ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزہ متعارف

ویب ڈیسک
مکہ مکرمہ: سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزہ متعارف کروا دیا ہے، جس کے تحت زائرین ایک ہی ویزے پر ایک سال کے دوران متعدد مرتبہ سعودی عرب کا سفر کر سکیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ ویزہ جاری ہونے کی تاریخ سے 365 دن تک مؤثر رہے گا۔ ویزہ ہولڈر اس مدت کے دوران مختلف دوروں میں مجموعی طور پر 90 دن تک سعودی عرب میں قیام کر سکیں گے۔ ہر سفر کے بعد استعمال نہ ہونے والے دن آئندہ دوروں کے لیے محفوظ رہیں گے اور ویزے کی میعاد ختم ہونے سے پہلے استعمال کیے جا سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ہر بار مملکت سے روانگی کے بعد ویزہ خودکار طور پر غیر فعال ہو جائے گا، تاہم مقررہ شرائط پوری ہونے پر اگلے سفر کے لیے دوبارہ فعال کر دیا جائے گا۔ البتہ اس ملٹی پل انٹری عمرہ ویزے کو حج سیزن کے دوران سعودی عرب میں داخلے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
وزارتِ حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ زائرین جو بھی عمرہ پیکیج خریدیں گے، اس کی مدت ویزے پر دستیاب باقی ماندہ قیام کے دنوں سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔
نئے ضوابط کے مطابق ہر سفر کے لیے زائرین کو نسک (Nusuk) پلیٹ فارم پر موجود منظور شدہ سروس فراہم کنندگان سے عمرہ پیکیج خریدنا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب روانگی سے قبل نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کرنا ضروری ہوگا، جبکہ پرمٹ کی تاریخیں خریدے گئے پیکیج سے مطابقت رکھنی چاہئیں۔ زائرین کو تمام سفری اور امیگریشن شرائط پر بھی عمل کرنا ہوگا۔
