کینیڈا کی جنگلاتی آگ کا دھواں، نیویارک اور نیو جرسی میں فضائی آلودگی کا الرٹ

رپورٹ: (ویب ڈیسک)کینیڈا میں جاری جنگلاتی آگ کے دھوئیں نے امریکی ریاستوں نیویارک اور نیو جرسی کی فضاء کو متاثر کر دیا ہے، جس کے بعد حکام نے شہریوں کے لیے فضائی آلودگی سے متعلق صحت کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے اور سخت جسمانی سرگرمیوں سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب 19 جولائی کو اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کا فائنل نیو یارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے، جہاں 80 ہزار سے زائد شائقین کی شرکت متوقع ہے۔
اگرچہ فائنل میچ کے شیڈول میں تاحال کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم دھند اور خراب فضائی معیار کے باعث خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
اسپین کی ٹیم بدھ کو نیو جرسی پہنچی اور جمعرات کو معمول کے مطابق کھلے میدان میں پریکٹس بھی کی، جبکہ ارجنٹینا کی ٹیم جمعہ کو تربیتی سیشن کرے گی۔
فضائی آلودگی کے باعث نیشنل ویمنز ساکر لیگ کے ایک میچ میں ہر ہاف کے دوران اضافی وقفے دیے گئے، جبکہ کچھ کھلاڑیوں نے خراب فضائی حالات میں میچ کے انعقاد پر تحفظات کا اظہار کیا۔
اسی طرح شکاگو میں میجر لیگ ساکر کا ایک میچ بھی خراب فضائی معیار کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ اور ہفتے کو متوقع بارش کے بعد فضائی معیار میں بہتری آنے کا امکان ہے۔
