اینڈی فلاور نے انگلینڈ ٹیم کی کوچنگ کی پیشکش ٹھکرا دی، دوہری ذمہ داری سے انکار

لندن: زمبابوے سے تعلق رکھنے والے معروف کرکٹ کوچ اینڈی فلاور نے انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کی دوڑ سے خود کو الگ کر لیا ہے۔
اینڈی فلاور نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے انگلینڈ کی کوچنگ کی دوڑ میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ اپنے موجودہ پیشہ ورانہ فرائض سے مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت مختلف فرنچائز کرکٹ ٹیموں کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور اسی ذمہ داری پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔
58 سالہ اینڈی فلاور اس وقت بھارتی ٹی20 لیگ اور دی ہنڈرڈ میں لندن اسپرٹ کی کوچنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم کی کوچنگ ان کے کیریئر کا بہترین تجربہ تھا، تاہم موجودہ حالات میں وہ بیک وقت قومی ٹیم اور لیگ کرکٹ کی کوچنگ نہیں کر سکتے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) نے حال ہی میں ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم کو ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ سے الگ کر دیا تھا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کے بعد بورڈ نے یہ فیصلہ کیا، جبکہ اب انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے لیے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش جاری ہے۔
