جرمنی: میونخ میں گاڑی ہجوم پر چڑھانے والے افغان شہری کو عمر قید کی سزا

میونخ (ویب ڈیسک): جرمنی کی ایک عدالت نے گزشتہ سال میونخ میں گاڑی ہجوم پر چڑھا کر دو افراد کو ہلاک اور متعدد افراد کو زخمی کرنے والے ایک افغان شہری کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
جرمن رازداری کے قوانین کے تحت ملزم کی شناخت مکمل طور پر ظاہر نہیں کی گئی، تاہم اسے فرہاد این (Farhad N.) کے نام سے شناخت کیا گیا ہے۔
عدالت نے ملزم کو دو افراد کے قتل اور 23 افراد کے قتل کی کوشش کے الزامات میں قصوروار قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی۔
استغاثہ کے مطابق ملزم نے اپنی گاڑی لوگوں کے ایک ہجوم پر چڑھا دی تھی، جس کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں ملزم کو تمام اہم الزامات میں مجرم قرار دیا۔
یہ واقعہ جرمنی میں عوامی مقامات پر سکیورٹی سے متعلق خدشات کو مزید نمایاں کرنے والے واقعات میں شمار کیا جاتا ہے، جس کے بعد حکام نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے تھے۔
