ملائیشیا میں خاتون سے مبینہ چھیڑ چھاڑ، پاکستانی عطر فروش پر فردِ جرم عائد

ملائیشیا (ویب ڈیسک) کے شہر باتو پاہت میں ایک پاکستانی شہری پر خاتون سے مبینہ چھیڑ چھاڑ اور دست درازی کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 33 سالہ پاکستانی شہری عمیر اقبال شیخ، جو عطر فروخت کرنے کا کاروبار کرتا ہے، کو ایک خاتون کے ساتھ مبینہ نازیبا رویے کے الزام کا سامنا ہے۔
عدالتی کارروائی کے دوران تین بچوں کے والد عمیر اقبال شیخ نے اپنے خلاف عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے صحتِ جرم سے انکار کیا اور بے گناہی کی اپیل کی۔
استغاثہ کے مطابق یکم اگست کو شام تقریباً ساڑھے چار بجے ملزم نے 26 سالہ خاتون کے ساتھ ایک پارک کی گئی گاڑی میں مبینہ طور پر زبردستی کرتے ہوئے اس کی عزتِ نفس مجروح کرنے کی کوشش کی۔
رپورٹ کے مطابق دونوں افراد کی ملاقات سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی تھی، جس کے بعد ملزم نے خاتون کو ملاقات کے لیے مدعو کیا تھا۔
پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ جب خاتون گاڑی سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہی تھی تو ملزم نے مبینہ طور پر اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی، جس پر وہ خوفزدہ ہوگئی اور بعد ازاں پولیس میں شکایت درج کرا دی۔
پولیس نے اسی روز شام تقریباً 7 بجے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف ملائیشیا کے تعزیراتی قانون کی دفعہ 354 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ملائیشیا کے قانون کے مطابق جرم ثابت ہونے کی صورت میں ملزم کو 10 سال تک قید، جرمانہ، کوڑوں کی سزا یا ان میں سے ایک سے زائد سزائیں دی جا سکتی ہیں۔
عدالت نے ملزم کی 7 ہزار ملائیشین رنگٹ کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے مقدمے کی آئندہ سماعت 25 ستمبر مقرر کر دی ہے۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ ابھی عدالت میں زیرِ سماعت ہے اور ملزم نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات سے انکار کیا ہے۔ حتمی فیصلہ عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گا۔
