بابر اعظم نے عمران خان اور وسیم اکرم کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا

پورٹ آف سپین (ویب ڈیسک): پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق عظیم کپتانوں عمران خان اور وسیم اکرم کا اہم ریکارڈ برابر کر دیا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بابر اعظم نے بیٹنگ میں عمدہ فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اننگز میں 193 رنز اسکور کیے، جس میں ان کی اوسط 96.50 رہی۔ وہ سیریز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بھی رہے۔
بابر اعظم نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 23 رنز بنائے، جبکہ دوسری اننگز میں ذمہ دارانہ نصف سنچری اسکور کی۔ دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ان کی 88 رنز کی شاندار اننگز نے پاکستان کو اہم برتری دلانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
سیریز کی آخری اننگز میں بابر اعظم نے 30 گیندوں پر ناقابل شکست 24 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ ان کی اننگز کی بدولت پاکستان نے 75 رنز کا ہدف آسانی سے حاصل کر لیا۔
شاندار کارکردگی پر بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے ساتھ مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ جسٹن گریوز نے سیریز میں 4 اننگز کے دوران 111 رنز بنانے کے علاوہ 7 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
یہ بابر اعظم کے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ تھا، جبکہ مجموعی طور پر یہ ان کا 10واں ایوارڈ ہے۔ اس سے قبل وہ 5 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 4 مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میں یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
اس کامیابی کے ساتھ بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کا اعزاز سابق کپتان عمران خان اور وسیم اکرم کے ساتھ برابر کر لیا ہے۔ تینوں کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 10، 10 مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا ہے، جبکہ وقار یونس 9 ایوارڈز کے ساتھ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔
خیال رہے کہ عمران خان نے 8 ٹیسٹ اور 2 ون ڈے میچز میں پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کیا تھا، جبکہ وسیم اکرم نے 7 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے مقابلوں میں یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ بابر اعظم نے ایک ٹیسٹ، 4 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ حاصل کیے ہیں۔
