اٹلی کے شہر اُدینے میں حسد پر مبنی جھگڑا خونریز لڑائی میں تبدیل، 5 افغان شہری گرفتار

(ویب ڈیسک)اٹلی کے شہر اُدینے میں جمعرات کی سہ پہر ویا روما میں ہونے والی پرتشدد لڑائی کی ابتدائی تحقیقات میں اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ عدالت میں پیش کیے گئے بیان کے مطابق جھگڑے کی بنیادی وجہ مبینہ طور پر حسد تھی۔
واقعے کے بعد کارابینیری نے 21 سے 35 سال کی عمر کے پانچ افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد پر اجتماعی لڑائی، جسمانی تشدد اور غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جبکہ ایک پاکستانی شہری، جسے واقعے کا مرکزی کردار قرار دیا جا رہا ہے، موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
عدالت میں فوری سماعت کے دوران اُدینے میں رہائش پذیر 36 سالہ افغان شہری نے بتایا کہ وہ اپنے 22 سالہ کزن کے ہمراہ ایک نئی دکان کی تیاری کا کام کر رہا تھا۔ دونوں کھانا کھانے کے لیے ویا روما پہنچے، جہاں ایک پاکستانی شہری نے انہیں روک لیا اور الزام عائد کیا کہ وہ اس کی سابقہ ساتھی کے ساتھ ایک کیفے میں بیٹھا ہوا تھا۔
36 سالہ افغان شہری کے مطابق اسی دوران پاکستانی شہری نے چاقو سے اس کے ابرو اور سر کے پچھلے حصے پر وار کیا۔ اس پر اس کے کزن نے دفاع کرتے ہوئے مبینہ حملہ آور کو گھونسا مارا، جس کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے معاملہ ایک خونریز لڑائی میں تبدیل ہوگیا۔
پولیس کے مطابق لڑائی ویا روما سے ویا باتیستیگ تک پھیل گئی، جہاں مزید تین افراد بھی اس میں شامل ہوگئے۔ ان افراد کو مبینہ طور پر حملہ آور کا ساتھی بتایا گیا ہے۔
کارابینیری نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ افغان شہریوں کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے 19 سینٹی میٹر لمبا چاقو اور تقریباً 3 ہزار یورو نقد رقم بھی برآمد ہوئی۔
عدالت نے پانچوں گرفتار افراد کی حراست برقرار رکھتے ہوئے اُدینے میں مقیم دونوں ملزمان کے لیے شہر سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی۔ انہیں اپنی نقل و حرکت سے کارابینیری کو آگاہ کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
دیگر تین گرفتار افراد پر پورے فریولی وینیتسیا جولیا ریجن میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
مقدمے کی آئندہ سماعت 14 اگست کو ہوگی، جبکہ واقعے میں مبینہ طور پر ملوث اور فرار ہونے والے پاکستانی شہری کی تلاش جاری ہے۔
