فرانس میں مہنگائی کے خلاف احتجاج، 160 سے زائد افراد گرفتار

(ویب ڈیسک): فرانس میں مہنگائی، ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور عوامی قوتِ خرید میں کمی کے خلاف ملک گیر احتجاج کے دوران 160 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ مختلف شہروں میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز پیرس سمیت فرانس کے متعدد شہروں میں مظاہرے کیے گئے، جن میں طلبہ، مزدور یونینوں، کسانوں اور دیگر شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بڑھتی ہوئی قیمتوں کے مقابلے میں اجرتوں اور پنشن میں اضافے اور عوامی خدمات کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے حوالے سے بتایا گیا کہ وزارتِ داخلہ کے مطابق دوپہر تک پیرس سے باہر تقریباً 140 مقامات پر احتجاجی سرگرمیاں ریکارڈ کی گئی تھیں، جن میں 32 ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے۔ ملک بھر میں 160 سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
پیرس اور مارسیلے سمیت بعض شہروں میں احتجاج کے دوران حالات کشیدہ ہوگئے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا، جبکہ بعض مقامات پر آتش زنی، توڑ پھوڑ اور سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچانے کے واقعات بھی پیش آئے۔
احتجاج میں طلبہ کی جانب سے تعلیمی اداروں میں سہولیات کی کمی اور اساتذہ کی قلت کے خلاف جاری تحریک بھی شامل ہوگئی۔ مزدور تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے اثرات کم کرنے اور شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
فرانس میں بڑھتی معاشی مشکلات اور عوامی بے چینی کے باعث حکومت پر دباؤ میں اضافہ ہورہا ہے۔ حکام نے تشدد اور املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات پر کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
