پیٹ کمنز بھی عمران خان کے حق میں بول پڑے، سابق کپتانوں کی اپیل کی حمایت

(ویب ڈیسک): آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے سابق پاکستانی کپتان اور سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنے اور خاندانی ملاقاتوں کے حوالے سے دنیا بھر کے سابق بین الاقوامی کپتانوں کی اپیل کی حمایت کردی۔ پیٹ کمنز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ گریگ چیپل اور دیگر سابق بین الاقوامی کپتانوں کی حمایت کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ عدالت کے حکم کے مطابق عمران خان کا طبی معائنہ مکمل ہونے دیا جائے گا جبکہ ان کے خاندان کی ملاقاتیں بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے عمران خان کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جس کا کوئی بھی شخص حقدار ہے۔ اس سے قبل 21 سابق بین الاقوامی کپتانوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر عمران خان کے مکمل اور آزادانہ طبی معائنے، دائیں آنکھ کی مبینہ بینائی میں کمی کے جائزے، ہفتہ وار خاندانی ملاقاتوں کے تسلسل اور طبی ماہرین کی سفارشات کے مطابق فوری علاج کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔
