تھائی لینڈ میں اسکول پر فائرنگ، پانچ اساتذہ جاں بحق، 14 سالہ حملہ آور نے خودکشی کر لی

نانتھابوری، تھائی لینڈ(ویب ڈیسک): تھائی لینڈ کے صوبہ نانتھابوری میں ایک سیکنڈری اسکول میں جمعہ کے روز ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ اساتذہ جاں بحق جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں متعدد طلبہ بھی شامل ہیں۔ یہ واقعہ حالیہ برسوں میں تھائی لینڈ کے مہلک ترین اسکول حملوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
تھائی وزیرِ اعظم کے مطابق حملہ آور 14 سالہ لڑکا تھا، جس نے اسکول پہنچنے سے قبل اپنے گھر میں اپنے دادا اور دادی کو بھی قتل کر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم اپنے دادا دادی کے ساتھ ہی رہتا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے اسکول میں اندھا دھند فائرنگ کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار لی۔ اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس نے بتایا کہ حملے میں استعمال ہونے والا ہینڈ گن حملہ آور کے دادا کی ملکیت تھا۔ تفتیش جاری ہے کہ کم عمر لڑکے کو اسلحہ کیسے حاصل ہوا۔
وزیرِ اعظم نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں اسلحہ رکھنے کے قوانین مزید سخت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں جنوب مشرقی ایشیا کے بیشتر ممالک کے مقابلے میں فی کس اسلحہ رکھنے کی شرح زیادہ ہے، جبکہ خطے میں آتشیں اسلحے سے ہونے والی ہلاکتوں کی شرح بھی نمایاں ہے۔
