پنجاب میں بارش سے 3 افراد جاں بحق، لاہور سمیت کئی شہر زیرِ آب

لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب بھر میں مون سون کی شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، جبکہ لاہور، فیصل آباد، گجرات اور منڈی بہاؤالدین سمیت کئی شہروں میں شہری سیلاب اور شدید پانی جمع ہونے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بہاولپور میں مکان گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ خوشاب میں دو بچے ڈوب گئے۔ منڈی بہاؤالدین اور لودھراں میں چھتیں گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔
لاہور میں کئی گھنٹے جاری رہنے والی بارش کے بعد متعدد سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ فیصل آباد میں سب سے زیادہ 103 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مون سون کا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔ شہریوں کو بجلی کی تاروں، خستہ عمارتوں اور جمع شدہ بارش کے پانی سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
