پی ٹی آئی نے اسلام آباد لانگ مارچ 4 اکتوبر تک مؤخر کردیا

(ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف (PTI) نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ 27 ستمبر کے بجائے 4 اکتوبر کو پشاور سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مطابق پارٹی کی سیاسی کمیٹی نے مشاورت کے بعد مارچ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد آئین کی بالادستی، آزاد عدلیہ، میڈیا کی آزادی اور عمران خان کے تصورِ ’’حقیقی آزادی‘‘ کے لیے ہے۔ ان کے مطابق عمران خان کی رہائی اور طبی سہولیات سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔
سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے درمیان مختلف مقامات پر مارچ کا راستہ روکنے کے لیے کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں اجتماعات پر پابندی عائد ہے جبکہ اسلام آباد میں بھی دفعہ 144 نافذ ہے۔ وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور پنجاب کے بعض اضلاع میں 20 ستمبر سے 5 اکتوبر تک رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دے رکھی ہے۔
پی ٹی آئی کے ایک سینئر رہنما کے مطابق مارچ کی نئی تاریخ مقرر کرنے کا فیصلہ موجودہ حالات اور وفاقی دارالحکومت سمیت متعدد راستوں کی بندش کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
