بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کے لیے نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار

(ویب ڈیسک): بین الاقوامی پروازوں سے سفر کرنے والے مسافروں، خصوصاً عمرہ زائرین کے لیے ویکسینیشن سے متعلق نئے ضوابط جاری کر دیے گئے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق 14 ستمبر 2026 سے نادرا کے مستند ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی مسافر کو بین الاقوامی سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایئرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ہدایات میں تمام عمرہ زائرین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ بیرونِ ملک روانگی سے قبل اپنا نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی طور پر حاصل کریں تاکہ ایئرپورٹ پر بورڈنگ کے وقت کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اعلامیے کے مطابق بین الاقوامی مسافروں کی ویکسینیشن کے لیے فیڈرل گورنمنٹ سول ڈسپنسری کو واحد مجاز مرکز قرار دیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ ایئرلائنز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسافروں کو بورڈنگ کی اجازت دینے سے قبل ان کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹس کی مکمل تصدیق یقینی بنائیں۔
حکام کے مطابق ایسے مسافر جو روانگی سے قبل ویکسینیشن نہیں کروا سکے اور ایئرپورٹ پر ہی ویکسین لگوانا چاہتے ہیں، انہیں اپنی پرواز کے مقررہ وقت سے کم از کم 6 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنا ہوگا۔ ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈپارچر پر ویکسینیشن کے ساتھ ساتھ اس کی آن لائن رجسٹریشن کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔
حکام نے بین الاقوامی مسافروں، بالخصوص عمرہ زائرین، کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے پہلے تمام ضروری ویکسینیشن اور دستاویزات مکمل کرلیں تاکہ ایئرپورٹ پر تاخیر یا سفر میں رکاوٹ سے بچا جا سکے۔
