نادرا کا شہریوں کو اہم انتباہ، شناختی کارڈ مقررہ مدت میں وصول نہ کیا تو تلف کردیا جائے گا

(ویب ڈیسک):اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو شناختی کارڈ بروقت وصول کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اہم تنبیہ جاری کی ہے۔
نادرا کے مطابق شناختی کارڈ کے لیے درخواست جمع کرانے والے شہری کارڈ تیار ہونے اور مقررہ ڈلیوری مدت مکمل ہونے کے بعد اسے جلد از جلد متعلقہ نادرا دفتر یا مقررہ مقام سے وصول کرلیں۔
نادرا کی پالیسی کے تحت اگر کوئی شہری اپنا شناختی کارڈ مقررہ مدت میں وصول نہیں کرتا تو اسے غیر ضروری طور پر دفتر میں رکھنے کے بجائے مقررہ طریقہ کار کے مطابق تلف کیا جاسکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق کارڈ کی ڈلیوری کی آخری تاریخ گزرنے کے تین ماہ بعد غیر وصول شدہ شناختی کارڈ تلف کردیا جاتا ہے۔ ایسی صورت میں شہری کو دوبارہ شناختی کارڈ حاصل کرنے کے لیے نئی درخواست دینا ہوگی اور مقررہ فیس بھی دوبارہ ادا کرنا پڑے گی۔
نادرا پاکستان میں شہریوں کو کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) جاری کرنے اور شناختی معلومات کا قومی ریکارڈ برقرار رکھنے کی ذمہ دار اتھارٹی ہے۔
نادرا نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ درخواست جمع کرانے کے بعد اپنی درخواست کی پیش رفت اور کارڈ کی متوقع ڈلیوری تاریخ سے باخبر رہیں اور کارڈ تیار ہونے کی صورت میں اسے بلاوجہ تاخیر کا شکار نہ ہونے دیں۔
اتھارٹی کی اس ہدایت کا مقصد غیر وصول شدہ شناختی کارڈز کے حوالے سے پیدا ہونے والی مشکلات کو کم کرنا اور شہریوں کو دوبارہ درخواست اور اضافی فیس کی ادائیگی سے بچانا ہے۔
