ملائیشیا کے لیجنڈری فٹبالر نے 72 سال کی عمر میں 20 سالہ خاتون سے شادی کر لی

(ویب ڈیسک): ملائیشیا کے لیجنڈری فٹبالر داتوک عبدہ الف نے 72 سال کی عمر میں 20 سالہ خاتون سے شادی کر لی، جس کے بعد دونوں کی عمر میں 52 سال کے نمایاں فرق کے باعث یہ شادی سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق داتوک عبدہ الف کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کی ازدواجی حیثیت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں بھی سامنے آنے لگیں۔
بعد ازاں ان کے چھوٹے بھائی اور سابق فٹبالر داتوک یونس الف نے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شادی کی تقریب 27 اگست 2026 کو منعقد ہوئی تھی۔ ان کے مطابق دونوں خاندان اس رشتے پر رضامند تھے اور شادی کے معاملے میں کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آئی۔
داتوک یونس الف نے بتایا کہ ممکنہ طور پر ان کے بھائی اس وقت اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہنی مون پر ہیں، اسی لیے وہ فون کالز کا جواب نہیں دے رہے۔
داتوک عبدہ الف کے ایک قریبی دوست نے بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی شادی کی تصاویر کو مستند قرار دیا، تاہم شادی کی تقریب کے مقام اور دیگر تفصیلات کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
داتوک عبدہ الف ملائیشیا کی قومی فٹبال ٹیم کے سنہری دور کے اہم کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے بالخصوص 1970 کی دہائی کے آخر اور 1980 کی دہائی کے آغاز میں قومی ٹیم کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔
انہوں نے ملائیشیا کو 1980 کے ماسکو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا، تاہم بعد میں ملائیشیا نے ماسکو اولمپکس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
