عمران خان کی طبی منتقلی کا حکم، سپریم کورٹ نے 2 دن کی مہلت دے دی

(ویب ڈیسک):سپریم کورٹ نے بانی تحریک انصاف عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کرنے سے متعلق تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ انہیں آئندہ دو روز کے اندر ہسپتال منتقل کیا جائے۔
عدالتی حکم کے مطابق شفاء انٹرنیشنل ہسپتال کی انتظامیہ سے مشاورت کے بعد عمران خان کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔ بورڈ میں معالج کے علاوہ جنرل سرجن، ماہرِ امراضِ داخلیہ، ماہرِ چشم اور ماہرِ امراضِ قلب شامل ہوں گے، جو ان کا تفصیلی طبی معائنہ کرکے ضروری علاج تجویز کریں گے۔
حکمنامے میں ڈاکٹر فیصل سلطان اور عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کو طبی معائنے اور علاج کے دوران ان کے ساتھ موجود رہنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ہسپتال میں عمران خان کے علاج اور طبی سہولیات کے اخراجات وہ خود یا ان کا خاندان برداشت کرے گا۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت تک عمران خان کے خاندان، تحریک انصاف کے کسی رہنما یا ان کے وکیل کی جانب سے ان کی صحت یا میڈیکل رپورٹس سے متعلق معلومات میڈیا یا عوام کے ساتھ شیئر نہ کی جائیں۔
عدالتی حکم میں حکومت اور متعلقہ حکام کو عمران خان کی اپنے خاندان سے ہفتے میں کم از کم ایک ملاقات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ عمران خان کو اپنے بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ ٹیلی فون پر گفتگو کی سہولت فراہم کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
