عمران خان طبی معائنے کے بعد شفا انٹرنیشنل اسپتال سے اڈیالہ جیل واپس منتقل

(ویب ڈیسک):اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو طبی معائنے کے بعد شفا انٹرنیشنل اسپتال سے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو گزشتہ رات تقریباً نصف شب اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال لایا گیا تھا، جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے چیک اپ کے لیے 6 ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم موجود تھی۔ طبی معائنے کے بعد یہ فیصلہ کیا جانا تھا کہ انہیں مزید علاج اور نگرانی کے لیے اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت ہے یا واپس جیل منتقل کیا جاسکتا ہے۔
طبی معائنے کے بعد عمران خان کو اسپتال میں داخل کرنے کے بجائے اڈیالہ جیل واپس منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو انتہائی سخت سکیورٹی میں شفا انٹرنیشنل اسپتال سے اڈیالہ جیل پہنچایا گیا، جہاں انہیں دوبارہ ان کے سیل میں منتقل کردیا گیا۔
ان کی واپسی کے موقع پر جیل کے اطراف اور سکیورٹی روٹ پر بھی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔
