خاتون کا روپ دھار کر 8 سال تک روپوش رہنے والا شخص پکڑا گیا

(ویب ڈیسک): ترکیہ میں پولیس نے ایک ایسے مفرور شخص کو گرفتار کر لیا جو مبینہ طور پر گزشتہ آٹھ برس سے خاتون کا بھیس بدل کر اور اپنی بہن کی شناخت استعمال کرتے ہوئے روپوش تھا۔
ترک حکام کے مطابق مفرور شخص توغرل بار کی گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب تفتیش کاروں نے اس کی بہن کے کریڈٹ کارڈز سے ہونے والی خریداریوں اور دیگر مالی سرگرمیوں کا سراغ لگایا۔
حکام نے بتایا کہ یہ مالی لین دین اس وقت کیے گئے جب سرکاری ریکارڈ میں توغرل بار کی بہن کو ترکیہ سے باہر موجود دکھایا جا رہا تھا۔ مشکوک مالی سرگرمیوں کے بعد تفتیش کاروں نے متعلقہ مقام کی نگرانی شروع کر دی۔
بعد ازاں پولیس نے مذکورہ مقام پر چھاپہ مارا، جہاں ایک شخص کو مبینہ طور پر خواتین کے لباس میں حراست میں لیا گیا۔ پولیس اسٹیشن میں فنگر پرنٹس کی جانچ کے دوران اس شخص کی شناخت توغرل بار کے طور پر ہوئی۔
پولیس کے مطابق شناخت سامنے آنے کے بعد واضح ہوگیا کہ مذکورہ شخص گزشتہ آٹھ برس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے روپوش تھا۔ گرفتاری کے بعد اسے سابقہ سزا کی مدت پوری کرنے کے لیے جیل منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب استغاثہ نے اس معاملے میں مزید تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔ تحقیقات میں مبینہ طور پر شناخت کی نقالی، سرکاری دستاویزات کے جعل سازی اور ان کے غلط استعمال سے متعلق الزامات شامل ہیں۔
حکام کے مطابق نئی تحقیقات کے نتیجے میں توغرل بار کو مزید قانونی کارروائی اور ممکنہ سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
