سالگرہ کی تقریب میں کیک چہرے پر لگانے پر دوست کا قتل، دو بھائی گرفتار

(ویب ڈیسک): بھارت کی ریاست جموں و کشمیر کے شہر جموں میں سالگرہ کی ایک تقریب کے دوران معمولی بات پر ہونے والے جھگڑے نے خونریز رخ اختیار کر لیا، جہاں ایک شخص کو مبینہ طور پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرکے قتل کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ جنی پور کے علاقے میں پیش آیا، جہاں 35 سالہ پون نائر اپنے دوست نیرج کی سالگرہ کی تقریب میں شریک تھا۔ پولیس کے مطابق تقریب کے دوران پون نائر نے مبینہ طور پر نیرج کے چہرے پر کیک لگا دیا، جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تنازع شدت اختیار کرنے کے بعد نیرج اور اس کے بھائی رشو نے پون نائر پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نیرج اور اس کے بھائی رشو کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق قتل کا مقدمہ بھارتی قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کر کے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
پولیس واقعے کے دیگر پہلوؤں، جھگڑے کی مکمل وجوہات اور حملے میں استعمال ہونے والے ہتھیار سے متعلق بھی شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔
