بجلی بحران کے باعث بنگلہ دیش میں نئی پابندیاں، دکانیں رات 8 بجے اور ڈیجیٹل بل بورڈز 7 بجے بند ہوں گے

(ویب ڈیسک):بنگلہ دیش میں بجلی کی طلب اور دستیابی کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کے باعث حکومت نے توانائی کی بچت کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ حکومتی ہدایات کے تحت بازاروں، دکانوں اور شاپنگ مالز کو رات 8 بجے تک بند کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نئے ضوابط کے مطابق تجارتی مراکز صبح 11 بجے سے رات 8 بجے تک کاروبار کر سکیں گے۔ اس سے قبل دکانیں اور مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابند تھیں، تاہم بجلی کی بچت کے لیے اس وقت میں ایک گھنٹے کی کمی کردی گئی ہے۔
حکومت نے ڈیجیٹل اور روشن بل بورڈز کو بھی شام 7 بجے بند کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ غیر ضروری آرائشی روشنیاں استعمال نہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ تجارتی میلوں اور ثقافتی تقریبات کے منتظمین کو بھی پروگرام رات 8 بجے تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ملک میں گیس کی قلت کے باعث بجلی کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا ہے۔ بعض علاقوں میں بجلی کی طویل بندش نے شہریوں اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی متاثر کیا ہے۔
حکومتی احکامات کے تحت اسپتالوں، فارمیسیوں اور ریستورانوں کو بعض پابندیوں سے استثنیٰ حاصل رہے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں بجلی کی کھپت کم کرنا اور دستیاب توانائی کے بہتر استعمال کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
