’’عینک والا جن‘‘ کے خالق حفیظ طاہر پی ٹی وی کی اے آئی فلم پر برہم

لاہور (ویب ڈیسک): معروف پاکستانی ڈرامہ سیریز ’’عینک والا جن‘‘ کے خالق حفیظ طاہر نے پی ٹی وی کی جانب سے بنائی گئی اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی فلم پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنی تخلیق کے ساتھ ناانصافی قرار دیا ہے۔
حفیظ طاہر نے اپنے انسٹاگرام ویڈیو پیغام میں کہا کہ فلم کے ڈائریکٹر اور رائٹر فرحان خان نے فلم بنانے سے پہلے ان سے اجازت نہیں لی اور نہ ہی انہیں پروڈکشن کا حصہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’عینک والا جن‘‘ ان کا آئیڈیا، تصور اور تخلیق تھی، جسے انہوں نے لکھا، ڈائریکٹ کیا اور پی ٹی وی کے حوالے کیا، جبکہ یہ سیریز آج بھی مقبول ہے۔
حفیظ طاہر نے نئی اے آئی فلم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرداروں کی شکل، آوازوں اور موسیقی میں تبدیلی نے اصل سیریز کے معیار کو متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق نستُور جن سمیت دیگر کرداروں کو اس انداز میں پیش کیا گیا جو اصل تصور سے مختلف ہے۔
انہوں نے اسے ’’کھلی چوری‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ خاموش رہیں گے یا اس معاملے پر قانونی کارروائی کریں گے۔
واضح رہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار کی گئی ’’عینک والا جن‘‘ فلم 24 جولائی کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔
