جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن میں فائرنگ کے واقعات، 27 افراد ہلاک

(ویب ڈیسک):جنوبی افریقہ کے دو بڑے شہروں جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن میں دو الگ الگ فائرنگ کے واقعات میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور 26 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ ہفتے کی شام جوہانسبرگ کے مغربی علاقے میں پیش آیا، جہاں آٹھ مسلح افراد نے ایک بار میں موجود لوگوں پر فائرنگ کردی۔ حملہ آوروں نے پہلے باہر بیٹھے افراد کو نشانہ بنایا اور بعد ازاں اندر داخل ہو کر بھی فائرنگ جاری رکھی۔ واقعے میں 13 مردوں اور 4 خواتین سمیت 17 افراد ہلاک جبکہ 15 زخمی ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔ حملہ آوروں نے فرار ہونے سے قبل دو گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔
دوسرا واقعہ اتوار کی صبح کیپ ٹاؤن کے قریب ایک ٹاؤن شپ میں واقع تفریحی مقام پر پیش آیا، جہاں مسلح افراد کی فائرنگ سے 10 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دیگر زخمی اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران جانبر نہ ہوسکے۔
دونوں واقعات میں تاحال کسی مشتبہ شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
جنوبی افریقہ میں غیر قانونی اور قانونی اسلحے کی بڑی تعداد اور جرائم کے باعث فائرنگ کے واقعات ایک سنگین مسئلہ بن چکے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملک میں روزانہ تقریباً 60 افراد قتل ہوتے ہیں، جبکہ متعدد واقعات کا تعلق گینگ دشمنیوں اور غیر رسمی کاروباری سرگرمیوں کے درمیان مسابقت سے بھی جوڑا جاتا ہے۔
رواں سال مارچ میں بھی جوہانسبرگ کے جرائم سے متاثرہ علاقوں میں پولیس کی معاونت کے لیے فوجی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ صدر سیرل رامافوسا نے جرائم کو ملک کو درپیش بڑے خطرات میں شمار کیا ہے۔
